سانحہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے سانحہ 8 اگست کے شہداء کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ 8 اگست کا دن بلوچستان کی تاریخ کا ایک نہایت افسوسناک اور سیاہ باب ہے،جب دہشتگردی کے ایک دلخراش واقعے میں سول ہسپتال کوئٹہ میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا انہوں نے کہا کہ سانحہ 8 اگست کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور اس واقعے نے بلوچستان کو اس کے نامور وکلاء ، صحافیوں اور دیگر قابل افراد سے محروم کیا، جو ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے ایک عظیم مثال ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت امن کے قیام کی کوششیں جاری ہیں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔
