’ایک اللہ، ایک رسول، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان‘

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے پر خصوصی نغمہ جاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد تینوں برادر اسلامی ممالک کے اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ عزم کو اجاگر کرنے والا خصوصی نغمہ جاری کر دیا گیا، جس میں اسلامی دنیا کے باہمی اتحاد، اخوت اور امن کے پیغام کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی نغمے کے ذریعے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے تینوں ممالک کو اسلامی دنیا کے اتحاد اور استحکام کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، نغمے کے بول ’ایک اللہ، ایک رسول، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان، ترکیہ، سعودیہ، پاکستان، اسلامی دنیا کے نگہبان‘ عوامی سطح پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
نغمے میں مشترکہ اسلامی اقدار اور امتِ مسلمہ کے باہمی رشتے کو مرکزی موضوع بنایا گیا ہے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور سفارتی تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، اس خصوصی نغمے کو مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں تینوں ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے تصور کی ترجمانی قرار دیا جا رہا ہے۔

’ایک اللہ، ایک رسول ﷺ، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان‘ کے عنوان سے جاری نغمے کے بول تینوں برادر ممالک کے مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں، خصوصی نغمے میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور دفاعی تعلقات کو نمایاں کیا گیا ہے، جاری نغمہ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے سفارتی کردار کو بھی قابل تعریف قرار دیا گیا ہے، نغمے میں تینوں ممالک کے باہمی اخوت اور یکجہتی کے جذبے کی ترجمان کی گئی ہے۔
خصوصی نغمے میں مشترکہ سوچ کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے اور اتحاد، اخوت اور یکجہتی کو نمایاں کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ تینوں ممالک کے عوام مذہبی اور تاریخی رشتوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، یہی نہیں بلکہ اس انتہائی منفرد نغمے کے ذریعے اسلامی دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کا پیغام بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، معاہدے کے مطابق کسی ایک ملک پر ہونے والے حملے کو تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، مکہ دفاعی معاہدے کے بعد تینوں ممالک کی قیادت کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دفاع، سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے، دفاعی صنعت اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert