بلوچستان ‘ پنجگور سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ‘ 2 کی شناخت ہوگئی

کوئٹہ/پنجگور (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں لائی گئی پانچ افراد کی لاشوں میں سے دو کی شناخت کرلی گئی، جبکہ تین لاشیں تاحال شناخت کی منتظر ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شناخت ہونے والوں میں حافظ مدثر سکنہ سندے سر اور پیر جان کچکول سکنہ رائی نگور شامل ہیں۔ دونوں افراد کا تعلق پنجگور کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق دیگر تین لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں اعلانات کرائے گئے ہیں اور ممکنہ ورثا سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ لاشوں کی شناخت اور تدفین کا عمل جلد مکمل کیا جاسکے۔ پولیس کے مطابق لاشوں سے متعلق مزید معلومات اور شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔
