راولپنڈی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے والا پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن نکلا: ذرائع

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر پستول سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق آج صبح 11 بج کر 15 منٹ پر مال روڈ پر محمد حسین نامی شخص نے سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر پستول سے فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق محمد حسین ولد محمد باذ کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوا، جس پر سیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور حملہ آور محمد حسین ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے موبائل فون اور دیگر سامان سے مزید شواہد اور اس کے روابط سامنے آئے ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محمد حسین پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن تھا اور خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھا۔ ذرائع کے مطابق محمد حسین کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی غنی آفریدی اور اقبال آفریدی سے بھی قریبی روابط تھے۔
