ایرانی خطرے کے پیشِ نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے دوسرے خفیہ طیارے میں منتقل کیے جانے کا انکشاف

واشنگٹن (قدرت روزنامہ) امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ترکی میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی کے دوران ممکنہ ایرانی حملے کے خطرے کے پیش نظر خفیہ طور پر اپنا طیارہ تبدیل کیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ٹی وی کیمروں کے سامنے ایئر فورس ون میں سوار ہوئے، تاہم بعد ازاں انہیں ایک کیٹرنگ ٹرک کی مدد سے خفیہ طور پر ایک فوجی طیارے میں منتقل کر دیا گیا۔ طیارے میں موجود صحافیوں اور وائٹ ہاؤس کے بعض اہلکاروں کو بھی اس کارروائی کا علم نہیں تھا۔

امریکی میڈیا ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق حکام نے بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس نے ایک قابلِ اعتبار ایرانی خطرے کا سراغ لگایا تھا کہ ایران صدر ٹرمپ کے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے تاہم خفیہ طیارہ تبدیل کیے جانے کی رپورٹ کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے نیٹو اجلاس کے دوران ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ’’نمبر ون ہدف‘‘ ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ خفیہ کارروائی امریکا کی جانب سے ایران پر دوبارہ فوجی حملے شروع کیے جانے کے ایک روز بعد کی گئی۔ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کی تھیں۔

ٹرمپ قطر کی جانب سے عطیہ کیے گئے نئے بوئنگ 747-8 طیارے پر ترکی پہنچے تھے، تاہم انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ پرانے ایئر فورس ون سے واپس روانہ ہوں گے۔

8 جولائی کو سامنے آنے والی ویڈیو میں ٹرمپ کو انقرہ ایئرپورٹ پر صدارتی طیارے میں سوار ہوتے دیکھا گیا۔ تاہم واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بعد میں انہیں خفیہ طور پر ایک چھوٹے C-32A فوجی طیارے میں منتقل کر دیا گیا، جو بوئنگ 757 کا تبدیل شدہ ورژن ہے اور عام طور پر امریکی نائب صدر کے سفر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کو دوسرے طیارے تک پہنچانے کے لیے ایک کیٹرنگ ٹرک استعمال کیا گیا، جسے طیارے کی سطح تک بلند کیا گیا تھا۔ ٹرمپ کو اس مقام کے مخالف سمت سے دوسرے طیارے میں منتقل کیا گیا جہاں سے وہ پہلے ایئر فورس ون میں سوار ہوئے تھے۔

امریکی اخبار کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ بھی C-32A میں الگ سے بیرونی سیڑھیوں کے ذریعے سوار ہوئے تاکہ پرواز معمول کے مطابق دکھائی دے۔

دوسری جانب صحافیوں اور وائٹ ہاؤس کے بعض اہلکار ایئر فورس ون میں سوار ہوئے اور انہیں مبینہ طور پر طیارے کی کھڑکیوں کے پردے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ انہیں علم نہیں تھا کہ صدر ٹرمپ اب اس طیارے میں موجود نہیں تھے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کو لے جانے والے C-32A نے ’’ریچ 18‘‘ کا کال سائن استعمال کیا، جبکہ صحافیوں کو لے جانے والے طیارے نے ’’AF1‘‘ کا کال سائن برقرار رکھا تاکہ خفیہ کارروائی کا مقصد ظاہر نہ ہو۔

ٹرمپ بعد ازاں برطانیہ پہنچے، جہاں انہوں نے پرانے ایئر فورس ون میں دوبارہ سوار ہوکر امریکا کا سفر کیا۔ انہیں RAF Mildenhall پر طیارے سے اترتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ C-32A سے دوبارہ پرانے ایئر فورس ون میں کیسے منتقل ہوئے۔

دورانِ پرواز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کی جانب سے لاحق خطرے کا ذکر کیا اور کہا کہ انہیں اپنی جان کے حوالے سے ’’ہر وقت خطرہ‘‘ لاحق رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کی ’’فہرست میں نمبر ون‘‘ ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے طیارے کی تبدیلی سے متعلق رپورٹس کی براہِ راست تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ نیا ایئر فورس ون جدید ترین طیارہ ہے جس میں صدر اور ان کے عملے کے تحفظ کے لیے جدید سکیورٹی نظام موجود ہے۔

اس سے قبل امریکی انٹیلی جنس حکام نے ٹرمپ یا ان کے طیارے پر ممکنہ حملے کے مخصوص خطرے سے متعلق خبردار کیا تھا۔ نیویارک ٹائمز نے بھی قطر کی جانب سے عطیہ کیے گئے طیارے سے متعلق سکیورٹی خدشات پر رپورٹ کیا تھا اور بتایا تھا کہ سیکرٹ سروس نے ٹرمپ کو نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر طیارہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

امریکی حکومت نے صدر کے لیے نئے بوئنگ 747-8 طیارے کو تیار کرنے پر کئی ماہ کے دوران تقریباً 40 کروڑ ڈالر خرچ کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرانے ایئر فورس ون طیاروں میں آنے والے میزائلوں کو ناکارہ بنانے کے لیے لیزر ٹیکنالوجی بھی موجود ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ قطر کی جانب سے دیے گئے نئے طیارے میں کون سے سکیورٹی نظام نصب ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ نیا ایئر فورس ون صدر کے سفر کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے، تاہم موسم خزاں میں اس میں مزید سکیورٹی اپ گریڈز اور اضافی سہولیات نصب کی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert