ٹرمپ نے ایرانی حملے کے خوف سے ٹرک میں چھپ کر طیارہ بدلنے کی تصدیق کردی
مجھے بہت سی دھمکیاں مل رہی ہیں، سیکرٹ سروس نے دوسرے طیارے میں منتقل ہونے کی ہدایت کی، وہ چاہتے تھے میں یہ کروں، اس لیے میں کیا، میں وہی کرتا ہوں جو وہ کہتے ہیں؛ امریکی صدر کی گفتگو

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ سے برطانیہ روانگی کے دوران طیارہ تبدیل کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ انہیں امریکی سیکرٹ سروس نے دوسرے طیارے میں منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز کی صحافی نینسی کورڈس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹ سروس نے انہیں ایک مختلف پرواز اور دوسرے طیارے میں سفر کرنے کا کہا، جس پر انہوں نے سکیورٹی حکام کی ہدایت پر عمل کیا، متبادل طیارہ بھی اتنا ہی محفوظ تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ سکیورٹی سے متعلق معاملات میں سیکرٹ سروس کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں اور جو کچھ انہیں کرنے کے لیے کہا جاتا ہے وہ کردیتے ہیں، انہیں اس معاملے میں سکیورٹی حکام پر اعتماد تھا۔
خیال رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ترکیہ میں نیٹو اجلاس کے بعد برطانیہ روانگی کے موقع پر اپنا طیارہ تبدیل کیا تھا، اس دوران وہ بظاہر پرانے ایئر فورس ون پر سوار ہوئے، تاہم بعد میں انہیں ایک دوسرے امریکی فوجی طیارے میں منتقل کردیا گیا، اس تبدیلی کے بارے میں اس وقت ان کے ساتھ سفر کرنے والے بعض صحافیوں اور وائٹ ہاؤس کے عملے کو بھی علم نہیں تھا۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں بہت سی دھمکیاں ملتی ہیں، تازہ رپورٹس کے مطابق طیارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ ایران سے متعلق ایک مبینہ سکیورٹی خطرے کے تناظر میں کیا گیا تھا، تاہم ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایسے معاملات میں سیکرٹ سروس اور فوجی حکام کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔
