سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، 18 دہشت گرد ہلاک، وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضلع سوراب میں سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کو سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کا عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوراب میں کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں، تاہم دہشت گرد عناصر صوبے کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے سفر سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے عناصر بلوچستان میں بدامنی پیدا کرکے عوام کے بنیادی حقوق اور صوبے کی ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے سامنے کسی صورت نہیں جھکے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست ہر صورت اپنی رٹ برقرار رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ملک و صوبے کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert