وزیراعظم سے بیلاروس کے وزیر توانائی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے نومبر 2024 میں بیلاروسی صدر کے دورۂ اسلام آباد اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کو بھی خوشگوار انداز میں یاد کیا۔

ملاقات میں مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے نویں اجلاس کے دوران ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے فیصلے دونوں ممالک کے لیے عملی فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔
بیلاروس کے وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بیلاروسی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں ہونے والی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے گا اور باہمی رابطے و تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان اور بیلاروس کے درمیان نویں مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر توانائی نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس کے اختتام پر دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق تجارتی مسائل کے حل کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خدمات کے شعبے میں تجارتی معاہدے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان نے منظم طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت بیلاروس بھیجنے کی پیشکش بھی کی، جبکہ خوراک، پھلوں اور ڈیری مصنوعات کی تجارت کے فروغ کے لیے آن لائن بی ٹو بی سیشنز منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور بیلاروس کے سرکاری میڈیا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

WhatsApp
Get Alert