رمیز راجہ پاک بھارت مقابلوں کی بحالی کیلئے سالانہ 4 ملکی سیریز تجویز کریں گے

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ بھارت کے خلاف باقاعدہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں بھارت، پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل سالانہ چار ملکی سیریز کی تجویز دینے کے لیے تیار ہیں۔ کوڈ سپورٹس آسٹریلیا کے مطابق سابق پاکستانی کپتان چار ملکی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی تجویز دیں گے۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت بگڑتے ہوئے سیاسی حالات کی وجہ سے دو طرفہ کرکٹ کھیلنے سے محروم ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے آخری بار ہندوستان میں 13-2012ء میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی تھی۔ نجم سیٹھی کے دور حکومت میں دونوں کرکٹ بورڈز نے 2015ء سے 2023ء کے دوران 6 سیریز کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

پاکستان اور بھارت 2013ء سے اب تک صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس میں کھیلے ہیں۔

دوسری طرف رمیز راجہ نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ آسٹریلیا کے دورے سے پہلے پاکستان میں بہت زیادہ توقعات ہیں اور وہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کے حالیہ تبصروں سے خوش ہوئے ہیں کیونکہ وہ نجی طور پر ٹیم کے ساتھیوں کو پاکستان کا سفر کرنے پر زور دیتے ہیں۔ آسٹریلیا کو مارچ کے شروع میں تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا اس دورے کے لیے پرعزم ہے۔ 1998ء کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا ۔