خاران میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز کے کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے خاران کے علاقے لجے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کوجہنم واصل کردیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، 2 گاڑیاں اورایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد خاران اور لجے میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے، سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کا تعاقب جاری رہے گا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خاران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف برسرِپیکار بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں۔
