واٹس ایپ کا صارفین کو فراڈ سے بچانے کے لیے اہم اقدام

لندن (قدرت روزنامہ)انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ سے بچانے کے لیے نیا اسکیم الرٹ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیچر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ایسے پیغامات کا جائزہ لے گا جو صارف کے کانٹیکٹس میں شامل افراد کی جانب سے موصول نہ ہوں۔

نئے ٹول کے ذریعے واٹس ایپ پیغامات کے گفتگو کے انداز اور لسانی اشاروں کا تجزیہ کرے گا تاکہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ آیا متعلقہ پیغام کسی ممکنہ اسکیم یا فراڈ کا حصہ تو نہیں۔

اگر واٹس ایپ کو کسی گفتگو کے فراڈ پر مبنی ہونے کا شبہ ہوا تو چیٹ کے اندر صارف کو ایک انتباہ دکھایا جائے گا۔ یہ وارننگ صرف متعلقہ صارف کو نظر آئے گی اور دوسرے شخص کو اس کا علم نہیں ہوگا۔

انتباہ موصول ہونے کے بعد صارف کے پاس متعلقہ اکاؤنٹ کو بلاک یا رپورٹ کرنے کا اختیار ہوگا جبکہ وہ چاہے تو گفتگو جاری بھی رکھ سکتا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر صارف کو خود فعال کرنا ہوگا۔ فعال کیے جانے پر ایپ ایک مشین لرننگ ماڈل ڈاؤن لوڈ کرے گی جو پیغامات کا تجزیہ براہِ راست صارف کے ڈیوائس پر کرے گا۔

کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس عمل کے دوران گفتگو کا مواد واٹس ایپ، کسی تیسرے فریق یا اس کی پیرنٹ کمپنی میٹا کو نہیں بھیجا جائے گا، جس کا مقصد صارفین کی پرائیویسی برقرار رکھتے ہوئے ممکنہ فراڈ کی بروقت نشاندہی کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert