’کورٹ روم کے اندر جن صحافیوں نے خود آرڈر سنا وہی رپورٹ کیا‘

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) معروف کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر نے عمران خان کی شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی سے متعلق مختلف تجزیہ کاروں اور صحافیوں کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کھلی عدالت کا آنکھوں دیکھا احوال اور عدالتی حکم نامے کی تفصیلات جاری کردیں۔ ثاقب بشیر نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے بینچ کے سربراہ جسٹس شاہد وحید نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم خود کھلی عدالت میں ڈکٹیٹ کروایا تھا، اس حکم نامے میں تمام تر شرائط شامل کی گئی تھیں، جس کے تحت بیرسٹر سلمان اکرم راجہ سے باقاعدہ انڈرٹیکنگ لی گئی کہ اس معاملے کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی شفا ہسپتال کے باہر کوئی جلسہ، احتجاج یا عوامی اجتماع کیا جائے گا۔
کورٹ روم کے اندر جن صحافیوں نے خود آرڈر سنا ہے وہی رپورٹ کیا ہے وہ بے خبر ٹھہرے ۔۔ جبکہ جو گھروں میں سوئے ہوئے تھے یا اس سماعت کی کاروائی سے لاعلم تھے وہ "باخبری" ٹھہرے https://t.co/FDlGhQiBWK
— Saqib Bashir (@saqibbashir156) August 18, 2026
انہوں نے مزید بتایا کہ عدالت نے حکم نامے میں یہ شق بھی رکھی کہ میڈیکل رپورٹس کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا، انہیں میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا اور اس طبی معاملے پر کوئی میڈیا ٹاک نہیں کی جائے گی۔
ثاقب بشیر نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن صحافیوں اور کورٹ رپورٹرز نے کورٹ روم کے اندر بیٹھ کر خود جج صاحب کو یہ آرڈر ڈکٹیٹ کرواتے ہوئے سنا، وہی رپورٹ کرنے کے بعد اب ’بے خبر‘ ٹھہرائے جا رہے ہیں جبکہ جو لوگ گھروں میں سوئے ہوئے تھے یا جنہیں اس سماعت کی واقعی کارروائی کا علم ہی نہیں تھا، وہ اچانک ’باخبر‘ بن گئے ہیں۔
