فیلڈ مارشل پیٹھ میں چُھرا گھونپنے والے یا منافق نہیں ہیں ، طلال چوہدری

جب تک فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی جوڑی پچ پر کھڑی ہے، کسی قسم کی سازش کی کوئی گنجائش نہیں؛ وزیر مملکت کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جب تک فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی جوڑی قائم ہے، ملک میں کسی قسم کی سیاسی یا غیر سیاسی سازش کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس جوڑی کے دونوں اہم کردار پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے نہیں بلکہ سیدھی اور شفاف بات کرنے والے ہیں، یہ لوگ منافق نہیں ہیں، ان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور ان کے طے شدہ اہداف بھی مکمل طور پر واضح ہیں۔


وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ڈکٹیٹ کروا کے ریاست سے اپنی مرضی کے کام نہیں کرائے جا سکتے، حکومت نے پہلے بھی یہی کہا تھا کہ ملاقاتیں کرانا صرف جیل حکام اور عدالت کا اختیار ہے، پی ٹی آئی کے یہ لوگ پہلے 26 ویں ترمیم، پارلیمنٹ اور ان عدالتوں کو ماننے سے انکار کرتے تھے لیکن آج عدالتی فیصلے پر وکٹری کا نشان بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی کو مٹھائی کھانے میں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے تھا کیونکہ اس فیصلے میں بہت سی خامیاں ہیں جنہیں قانونی طور پر بہتر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ حکومت کو کسی بھی قیدی کو قانونی سہولیات دینے پر کبھی اعتراض نہیں رہا، لیکن بانی پی ٹی آئی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ خود اپنے دورِ اقتدار میں قیدیوں اور مخالفین کے بارے میں کیا الفاظ اور رویہ استعمال کیا کرتے تھے، پی ٹی آئی والے ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں مگر اب انہیں وہ کندھے میسر نہیں آئیں گے۔

WhatsApp
Get Alert