نیشنل پارٹی کا ہزارہ شناختی کارڈ بلاک کرنے کی حمایت نفرت کو پروان چڑھانے کی کوشش ہے، ایچ ڈی پی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان کے سی این آئی سی کے حوالے سے ہزارہ مخالف بیان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات صوبے کی موجودہ حالات میں انتہائی غیر سنجیدہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور قوموں کے درمیان نفرت کو پروان چڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔
ہزارہ قوم جنھوں نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بیشمار قربانیاں دی ہیں اور گذشتہ دو دہائیوں سے بدترین دہشت گردی و نسل کشی کا سامنا کر رہی ہے، ان کے قومی شناختی کارڈ کی بندش پر خوشیاں منا کر بلاک کو مزید جاری رکھنے کے مطالبات ایک ایسی سیاسی جماعت کی طرف سے ہزارہ قوم کے زخموں پر نمک پاشی کے برابر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ قوم ہر طرح کے حالات کا سامنا کر کے اس صوبے اور ملک کی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ جاری رکھے گی۔ بیان میں غیر ضروری شناختی کارڈ بلاک کرنے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے نادرا کی جانب سے نئی پالیسی کے تحت لاکھوں شناختی کارڈوں کے بلاک ختم کرنے کے عمل کو خوش آئند اور عوامی امنگوں کے مطابق قرار دیا۔
