متحدہ عرب امارات کے یومیہ کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا

ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کے یومیہ کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2,683 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور ملک میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 37 ہزار سے اوپر چلی گئی۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز ملک میں کوویڈ 19 وائرس کے 2,683 نئے مریض رپورٹ ہوئے ، اس دوران 1,135 شہری ایسے تھے جنہوں نے کورونا کو شکست دی تاہم وباء کی وجہ سے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا اور مرنے والوں کی تعداد اب 2,182 ہوچکی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس وقت یو اے ای میں کورونا کے مجموعی فعال کیسز کی تعداد 37,010 ہے ، ملک میں نئے کورونا کیسز کی تصدیق 3 لاکھ 07 ہزار 767 اضافی ٹیسٹوں کے ذریعے ہوئی جب کہ متحدہ عرب امارات میں 13 جنوری تک کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 997 ہوچکی ہے ، اس وقت تک کل 7 لاکھ 56 ہزار 805 شہری وباء کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہوئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکجھتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں سرکاری اسکولوں اور تعلیمی اداروں نے فاصلاتی تعلیم کو مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا ہے ، اس کا مطلب یہ ہے کہ کم از کم 21 جنوری تک دور دراز سے کلاسز کی میزبانی کی جائے گی اور ذاتی طور پر امتحانات کم از کم 28 جنوری تک ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

ابوظہبی امارات کے تمام سرکاری اسکولوں اور نجی اسکولوں کے لیے ریموٹ لرننگ میں بھی توسیع کرے گا جب کہ اس سے قبل ابوظہبی نے اسکول کی نئی مدت کے دو ہفتوں کے لیے 17 جنوری تک ریموٹ لرننگ کا اعلان کیا تھا تاہم طلباء اب عملی طور پر مزید ایک ہفتے کے لیے کلاسز میں شرکت کریں گے اور کم از کم 21 جنوری تک آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ چونکہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت نے ملک کے اندر سے امارات جانے والوں کے لیے نئے سرحدی قوانین متعارف کرائے ہیں ، اس کے تحت حکام نے بدھ کے روز سیاحوں کے لیے ایک خصوصی دفتر قائم کرنے کا اعلان کیا ، اتھارٹی نے سیاحتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ سیاحوں کو ابوظہبی کے دورے کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے داخلے کے رہنما خطوط سے مکمل طور پر آگاہ کریں۔