کسٹمز ہاؤس کراچی سے 20 نئے کمپیوٹرز غائب ہونے کا انکشاف

کراچی (قدرت روزنامہ)کسٹمز ہاؤس کراچی سے 20 نئے کمپیوٹرز غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

ذرائع کےمطابق ایف بی آرہیڈکوارٹرکی جانب سے 20 نئےکمپیوٹرز کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کو فراہم کیےگئےتھے، 25 اگست کو اسٹور روم چیک کیاگیاتوتمام 20 کمپیوٹرزغائب پائےگئے،جبکہ انکےخالی کارٹن اورپیکنگ اسٹورروم میں موجود تھی۔

ابتدائی انکوائری کےمطابق 13 اگست کی رات تقریباً 10 بج کر 33 منٹ پر دو افراد موٹر سائیکلوں پر کسٹمز ہاؤس کے مرکزی گیٹ سے باہر جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آئے۔

مراسلے کےمطابق کمپیوٹر یونٹس کےساتھ موٹرسائیکلیں باہرجاتے وقت فشریز میں تعینات کسٹمز اہلکار عارف شاہ مرکزی گیٹ پر موجود تھا، جو بظاہر کمپیوٹر لے جانے والے افراد سے بات چیت کرتا دکھائی دیا۔عارف شاہ کی موجودگی اور موٹر سائیکل سواروں سے مبینہ رابطے کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی رات سپاہی لئیق احمد، عمران اور سپاہی جنید علی شاہ مرکزی گیٹ پر گارڈ ڈیوٹی پر تعینات تھے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں تینوں اہلکار اپنی مقررہ پوزیشن کے بجائے گارڈ روم میں بیٹھے نظر آئے۔

فوٹیج کے مطابق اسی دوران کسٹمز ہاؤس کے مرکزی گیٹ کا ایک حصہ کھلا ہوا تھا، کمپیوٹرز کے باہر جانے کے وقت گارڈز کا ڈیوٹی پوائنٹ سے غیرحاضر ہونا سنگین غفلت قرار دیا گیا ہے۔

مراسلے میں فشریز میں تعینات کسٹمز اہلکار کے اکثر کسٹمز ہاؤس میں موجود ہونے کو بھی سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert