ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں، غیر ملکی شہریوں اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے بڑا ریلیف ملنے والا ہے، اس نئی تجویز منظور ہونے کی صورت میں ان افراد کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے پہلے کی طرح لرنر لائسنس بنوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ٹریفک حکام نے ڈرائیونگ لائسنس کے موجودہ طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے نئی تجویز تیار کرلی ہے۔ اس کا مقصد ایسے شہریوں کے لیے لائسنس کے اجرا کا عمل آسان اور تیز بنانا ہے جو پہلے سے ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں۔
لرنر لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت
ٹریفک حکام کے مطابق موجودہ طریقہ کار کے تحت اوورسیز پاکستانیوں، غیر ملکی شہریوں اور دیگر صوبوں کے افراد کو پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے سے پہلے لرنر لائسنس بنوانا پڑتا تھا۔
تاہم نئی تجویز میں اس شرط کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے، اس کے تحت ایسے افراد اپنا موجودہ ڈرائیونگ لائسنس پیش کرکے براہِ راست ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکیں گے۔
ٹیسٹ میں کامیابی کی صورت میں انہیں لائسنس جاری کردیا جائے گا، یوں درخواست گزاروں کو ایک اضافی مرحلے سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں آسان ہوسکے گا۔
نئی سہولت سے کون لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے
حکام کے مطابق رائٹ ہینڈ ڈرائیونگ رکھنے والے غیر ملکی شہری بھی مجوزہ سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے ، اس پیش رفت سے پنجاب میں عارضی یا مستقل طور پر رہنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے بھی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار آسان ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے افراد بھی اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے, خاص طور پر وہ شہری جن کے پاس پہلے سے ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے، ان کے لیے نیا طریقہ کار وقت اور اضافی مراحل کم کرسکتا ہے۔
پنجاب بھر میں عملدرآمد متوقع
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اس حوالے سے سمری انسپکٹر جنرل پنجاب کو ارسال کردی ہے تاہم نئی سہولت ابھی تجویز کی صورت میں ہے اور اس پر عملدرآمد منظوری کے بعد ہوگا۔
