اٹلی نے پاکستانی طلباء کو وارننگ دے دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں اٹلی کے سفارتخانے نے پاکستان کے طلبا کو دستاویزات سے متعلق وارننگ دے دی ہے۔

اسلام آباد میں اٹلی کے سفارتخانے نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ اسٹڈی ویزا کی درخواستوں کے ساتھ جعلی اور مشکوک دستاویزات جمع کرانے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سفارتخانے نے طلبہ کو اس عمل سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں نہ صرف ویزا درخواست فوری طور پر مسترد ہو سکتی ہے بلکہ مستقبل میں دی جانے والی ویزا درخواستوں پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کے اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات جمع کروانی ہوتی ہے جس کی تصدیق کے بعد طلبا کو ویزا جاری کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل اطالوی سفارتخانے نے اپنے آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے جاری کیں، جن کا مقصد ویزا کے حصول کے عمل کو شفاف بنانا اور جعلی ایجنٹوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

بی ایل ایس ویزا ایپلیکیشن سینٹرز
اٹلی کیلیے شینگن، فیملی ری یونین اور ورک ویزا کے حصول کیلیے مختصر مدت کی درخواستیں بی ایل ایس ویزا ایپلیکیشن سینٹرز کے توسط سے جمع کروائی جائیں گی، یہ مراکز اسلام آباد، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں موجود ہیں۔

اپائنٹمنٹ کا طریقہ کار یہ ہے کہ امیدواروں کو آفیشل ویب سائٹ www.theitalyvisa.com کے ذریعے اپنی اپائنٹمنٹ بک کرنا ہوگی، فیملی ری یونین اور ورک ویزا کیلیے رش زیادہ ہونے کی وجہ سے اس وقت ویٹنگ لسٹ موجود ہے، تاہم سفارتخانے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ لسٹ میں شامل ہر فرد کو بالآخر اپائنٹمنٹ مل جائے گی۔

یورپی یونین یا اطالوی شہریوں کے اہل خانہ کیلیے طریقہ کار
اگر کوئی شخص کسی اطالوی یا یورپی یونین کے شہری کے ساتھ فیملی ری یونین ویزا کے تحت شامل ہونا چاہتا ہے، تو اس کیلیے طریقہ کار مختلف ہے۔ ایسے امیدوار براہ راست اطالوی سفارتخانے سے اپائنٹمنٹ کی درخواست دے سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، ایسے امیدواروں کو سفارتخانے کے نام PEC بھیجنی ہوگی، مطلوبہ دستاویزات کی تفصیلات اسلام آباد میں اطالوی سفارتخانے کی آفیشل ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

اسٹڈی ویزا کیلیے ہدایات
اٹلی کی کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلیے ضروری ہے کہ وہ سب سے پہلے Universitaly پورٹل کے ذریعے اپنی پری انرولمنٹ مکمل کریں، اس کی تصدیق کے بعد BLS کا ادارہ خود طالب علم سے رابطہ کر کے ویزا اپائنٹمنٹ طے کرے گا۔

طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عام شینگن یا ورک ویزا کی طرح خود سے اسٹڈی ویزا کی اپائنٹمنٹ بک کرنے کی کوشش نہ کریں۔

انتباہ
اطالوی سفارتخانے نے ویزا اپائنٹمنٹس کے نام پر ہونے والے فراڈ سے سختی سے خبردار کیا ہے کہ سفارتخانے کے علم میں آیا ہے کہ کچھ غیر قانونی ایجنٹ پیسوں کے بدلے اپائنٹمنٹس فروخت کر رہے ہیں۔

سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ ویزا اپائنٹمنٹ کبھی بھی خریدی نہیں جانی چاہیے، اگر کوئی شخص یا ایجنسی پیسوں کے عوض اپائنٹمنٹ کی پیشکش کرے، تو اس کی فوری طور پر سفارتخانے میں شکایت کریں، اس غیر قانونی عمل سے نمٹنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف آفیشل ذرائع پر انحصار کریں۔

WhatsApp
Get Alert