’بلوچ خاندان سے ہوں لیکن سندھ کا پانی پیا ہے اسے تقسیم نہیں ہونے دوں گی‘

کراچی(قدرت روزنامہ) پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کا کہنا ہے کہ بلوچ خاندان سے ہوں لیکن سندھ کا پانی پیا ہے اسے تقسیم نہیں ہونے دوں گی۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی رہنما فریال تالپور نے کہا کہ یہ ہماری دھرتی ماں ہے اس حفاظت کریں گے، ہم سب پاکستانی ہیں، سندھ کے لیے ہم ایک آواز کے ساتھ لڑ رہے ہیں، سندھ تقسیم ہوگیا ہے تو اپنے حلقے میں کیا منہ دکھاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہے تو بات کریں، ہم نے سندھ کے لیے کیا کیا تو ہم کیا جواب دیں گے؟ اسلام آباد اور پنجاب میں کیوں لوکل گورنمنٹ نہیں ہے، اراکین اسمبلی اپنے آپ سے سوال کریں کہ وہ سندھ کے معاملے پر کیا مؤقف اختیار کریں گے۔
فریال تالپور نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو اور ان کے والد ذوالفقار بھٹو کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، سندھ سے ہمارا تعلق نسلوں پر محیط ہے اور ہماری جڑیں اسی دھرتی سے جڑی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی دھرتی چھوڑ کر بیرون ملک نہیں جائیں گے، سندھ ہی ہمارا گھر ہے۔
