وزیراعلی بلوچستان اور کمانڈر 12 کور کے اقدامات صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے ضامن ہیں، میر نصیب اللہ خان مری

کوہلو (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کمانڈر 12 کور بلوچستان کی جانب سے صوبے میں ترقی و خوشحالی، میرٹ کی بحالی، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے سنجیدہ اور عملی اقدامات قابلِ تحسین ہیں، ہم ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ریاستی پالیسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف بے روزگاری اور غربت تک محدود نہیں بلکہ ایک منظم منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو مایوسی، محرومی اور شدت پسندی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم، روزگار، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے مخصوص طبقات اور مفاد پرست عناصر کی اجارہ داری نے میرٹ اور عام آدمی کے حقوق کو متاثر کیا، تاہم موجودہ صوبائی حکومت میرٹ، شفافیت اور عوامی فلاح کو ترجیح دے کر ایک مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی ایک عام محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے آئینی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور صوبے کی ترقی، میرٹ کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ چند نام نہاد اور مفاد پرست عناصر اپنی روایتی اجارہ داری اور مفادات کے خاتمے کی وجہ سے موجودہ نظام اور صوبائی حکومت سے ناخوش ہیں، تاہم عوامی مفاد میں کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کو کسی دبا یا منفی پروپیگنڈے کے ذریعے روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور حکومت اپنی پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ صوبے کی ترقی کے لیے کام جاری رکھے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی بہتری، میرٹ کی بالادستی اور امن کا قیام ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم صوبے کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کے بہتر مستقبل، امن، ترقی اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اٹھائے جانے والے ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی، بدامنی، ظلم و جبر اور بے گناہ شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ریاست اور عوام کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ میر نصیب اللہ مری نے وطن عزیز کے دفاع، امن و امان اور قومی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت تمام سویلین شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کے خون سے امن و استحکام کی شمع روشن ہوگی اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔
