’’ایران سے دور رہیں‘‘، امریکی وزیر خارجہ، وزیر خزانہ کی تمام ممالک کو وارننگ

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ان تمام ممالک کو دھمکی دی ہے جو ایران کے ساتھ تجارت یا اس کی مدد کر رہے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بدھ کے روز کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کی معیشت پر دباؤ بڑھانے کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایئرلائنز، بحری صنعت اور ڈیجیٹل اثاثے ممکنہ طور پر نشانے پر آ سکتے ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ نے اس ہفتے شمالی کیرولائنا میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے بعد فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے لیے روسی حمایت سے متعلق سوال کے جواب میں تہران کی حمایت کرنے والے ’’سب لوگوں‘‘ کو بھی خبردار کیا۔

وزیر خزانہ نے ’’فاکس اینڈ فرینڈز‘‘ پروگرام میں کہا ’’میرا سب کے لیے پیغام ہے کہ ایران سے دور رہیں۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ یہ تنازع ختم ہو، اور تنازع ختم کرنے کا تیز ترین طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی اس رجیم کو کسی قسم کی حمایت فراہم نہ کرے۔‘‘ یہ بیان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے ایران کی حمایت کا اعلان کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

انھوں نے مزید کہا ’’روس سمیت کسی کو بھی ایران کی حمایت نہیں کرنی چاہیے، ہم اس حکومت کی حمایت کرنے والے ہر شخص کے ساتھ نہایت تفصیلی اور جامع مذاکرات کر رہے ہیں۔‘‘

بیسنٹ نے منگل کے روز کہا تھا کہ انتظامیہ ایئرلائنز کو طیارے لیز پر دینے والی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے، جب کہ ایران کے مزید بینکوں پر پابندیاں بھی اسی ہفتے عائد کی جا سکتی ہیں۔

مارکو روبیو کی ممالک کو دھمکی
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ایران کی مدد کرنے والوں کو خبردار کیا ہے، فاکس نیوز سے انٹرویو میں انھوں نے کہا کوئی ملک ایران کو امریکی پابندیوں سے بچنے یا آمدنی حاصل کرنے میں مدد نہ کرے، بہ صورتِ دیگر امریکا ان پر بھی پابندیاں لگا دے گا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران تجارتی بحری جہازوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے، امریکا ان تمام خطرات کو نشانہ بناتا رہے گا جو امریکی افواج یا عالمی بحری آمد و رفت کے لیے فوری خطرہ بنیں گے۔

WhatsApp
Get Alert