سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالے سائبر سکیورٹی سے متعلق نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالے سائبر سکیورٹی سے متعلق نوٹیفکیشن کی حقیقت منظر عام پر آگئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش سائبر سکیورٹی سے متعلق نوٹیفکیشن کو جعلی اور گمراہ کن قرار دے دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمنیوکیشن اتھارٹی کی جانب سے ایسا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جھوٹا اور گمراہ کن ہے۔
جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک لینڈ لائن نمبر سے کال اٹینڈ کرنے پر موبائل ڈیٹا اور اکاؤنٹس ہیک ہوسکتے ہیں، کال کے دوران پانچ سے سات سیکنڈ میں صارف کا ڈیٹا چوری کیا جاسکتا ہے۔
پی ٹی اے نے عوام سے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات پر بھروسہ نہ کریں اور جعلی و غیر مصدقہ معلومات کو سوشل میڈیا پر آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق مصدقہ معلومات اور الرٹس کے لیے عوام پی ٹی اے کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کریں۔
