موٹر سائیکل سوار اور گاڑیاں مالکان خبردار، 15 دن کی مہلت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سی ٹی او کی جرمانوں کی شرح تیز کرنے کی ہدایت، 15 دن میں کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو محکمانہ کارروائی ہوگی ،سی ٹی او نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی شرح تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وارڈنز کو 15 دن کے اندر اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی مہلت دے دی ہے، بصورت دیگر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے گزشتہ سال کی نسبت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کم جرمانے کیے ہیں،مراسلے میں اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ فیلڈ میں موجود وارڈنز ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کی رفتار بڑھائی جائے۔
چالان کم ہوئے
نوٹیفکیشن کے مطابق متعدد سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر گزشتہ سال کے مقابلے میں کم چالان کیے گئے،ان خلاف ورزیوں میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا، کم عمر افراد کی ڈرائیونگ، گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق خلاف ورزیاں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں،سی ٹی او نے ان خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں
مراسلے میں خصوصی طور پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا ذکر کیا گیا ہے،ایسی گاڑیوں سے فضائی آلودگی میں اضافے کے خدشات کے باعث ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے۔
بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سختی
سی ٹی او کی جانب سے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے،اس کے علاوہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چیکنگ اور قانونی کارروائی کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی لائی جا سکے۔
وارڈنز کو 15 دن کی مہلت
سی ٹی او نے وارڈنز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 15 دن کی مہلت دی ہےمراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے دوران جرمانوں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی شرح میں بہتری نہ آنے کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صرف جرمانوں کی تعداد بڑھانا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، سڑکوں پر نظم و ضبط کی بہتری اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert