لوک فنکارہ مائی سبھائی کے قتل سے متعلق خبریں حقائق کے منافی قرار، ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی کی وضاحت


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی نے لوک فنکارہ مائی سبھائی کے مبینہ قتل سے متعلق مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر و شائع ہونے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ رپورٹس میں واقعے اور اس کے مقام سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات نشر کی گئی ہیں ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی کے مطابق بعض ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مائی سبھائی کے قتل سے متعلق خبریں نشر و شائع کی گئیں، تاہم ان خبروں میں بیان کردہ واقعے سے متعلق معلومات حقائق پر مبنی نہیں اور غیر مصدقہ ہیں انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات کی تشہیر سے عوام میں بے چینی اور غلط فہمی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے کی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی منفی تاثر پیدا ہو سکتا ہے ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے اپیل کی کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق کوئی بھی خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل ضلع انتظامیہ اور پولیس کے مجاز حکام سے حقائق کی تصدیق ضرور کی جائے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا تقاضا ہے کہ کسی بھی واقعے کی رپورٹنگ میں تصدیق شدہ معلومات کو ترجیح دی جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خبریں نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی نے متعلقہ میڈیا اداروں سے بھی درخواست کی کہ مائی سبھائی کے قتل سے متعلق نشر و شائع کی گئی غلط معلومات کی مناسب تصحیح اور وضاحت جاری کی جائے تاکہ عوام کے سامنے حقائق واضح ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert