’پانی بند کرنا بہت بڑی بات ہے، انسانی تاریخ میں پانی بند کرنے کے سنگین نتاج برآمد ہوئے‘

کربلا کے واقعہ میں پانی روکنا بھی ایک بڑی وجہ بنا، جنگ میں شکست کے بعد جب بھارت کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی تو اس کے بعد بھارت نے اپنی خراب ہونے والی ساکھ بحال کرنے کی مہم شروع کی، خواجہ آصف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کسی کا پانی بند کرنا بہت بڑی بات ہے اور انسانی تاریخ میں اس کے سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے پانی روکنے کے معاملے کی مثال دیتے ہوئے کربلا کے واقعے کا حوالہ بھی دیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فوری طور پر جنگ میں شکست کے بعد جب بھارت کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی تو اس کے بعد بھارت نے اپنی خراب ہونے والی ساکھ بحال کرنے کی مہم شروع کی۔


بھارت یہ بتانا چاہتا تھا کہ اس نے پاکستان کا پانی بند کرکے جنگ کا بدلہ لے لیا ہے۔ بھارت کی کوشش تھی کہ بھارتی عوام کو بتایا جائے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا پانی روک دیا ہے۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پانی بند کرنا انسانی تاریخ میں انتہائی سنگین اقدام سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کربلا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پیش آنے والے واقعات میں پانی روکنے کا معاملہ بھی ایک بڑی وجہ بنا۔ پانی روکنے کا یہ اقدام بھی ایک بار پھر ان کیلئے الٹا پڑ گیا۔

WhatsApp
Get Alert