بے روزگار افراد کے لیے بڑی خوشخبری محکمہ تعلیم میں نوکریاں


کراچی (قدرت روزنامہ) بے روزگار افراد کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، سندھ کے محکمہ اسکول تعلیم نے گریڈ ایک سے چار تک غیر تدریسی عملے کی نئی بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ میں بھرتیوں سے متعلق جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق نئی تقرریوں کے اختیارات ڈویژنل ڈائریکٹرز کو دے دیے گئے ہیں۔ محکمہ اسکول تعلیم کے سیکشن افسر جنرل اقبال جونیجو کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر تدریسی عملے کی بھرتی مجاز تقرری کرنے والی اتھارٹی کی کمیٹی کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام تقرریاں حکومت کی نافذ العمل پالیسی اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ صرف ان آسامیوں پر بھرتی کی جائے جو بجٹ بک میں شامل ہیں۔ نئی بھرتیوں کے لیے امیدواروں کا مطلوبہ تعلیمی اور دیگر مقررہ معیار پر پورا اترنا بھی ضروری ہوگا۔
جاری احکامات کے مطابق بھرتی کے عمل کے لیے کمیٹی بھی متعلقہ قواعد کے تحت تشکیل دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد بھرتیوں کے عمل کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کرنا اور غیر تدریسی عملے کی خالی آسامیوں کو پُر کرنا ہے۔
حکم نامے میں تنخواہوں سے متعلق بھی طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔ بھرتی ہونے والے نان ٹیچنگ اسٹاف کی تنخواہوں کے لیے کمیٹی کاؤنٹر دستخط کرے گی اور متعلقہ دستاویزات تحریری طور پر اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو ارسال کی جائیں گی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے نئی بھرتیوں کے فیصلے سے گریڈ ایک سے چار تک غیر تدریسی آسامیوں کے منتظر امیدواروں کو ملازمت کے مواقع ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم امیدواروں کو درخواست اور تقرری کے عمل میں محکمہ کی مقررہ شرائط اور اہلیت کے معیار کو ضرور مدنظر رکھنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert