اس دفعہ ان کو گولیاں چلانے کا موقع نہیں دیں گے، اگر گولی چلتی ہے تو سب سے پہلے میرا سینہ ہوگا: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

شہداد کوٹ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ اس دفعہ ان کو گولیاں چلانے کا موقع نہیں دیں گے، اگر گولی چلتی ہے تو سب سے پہلے میرا سینہ ہوگا، آپ سے آگے میں ہوں گا۔ اس دفعہ آپ لوگ بے خوف ہو کر نکلیں گے تو کسی کے باپ میں بھی جرأت نہیں ہوگی کہ وہ گولیاں چلائے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے شہداد کوٹ میں سٹریٹ موومنٹ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرونِ سندھ کی عوامی طاقت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، کئی دہائیوں سے یہ جھوٹا اور غلط بیانیہ پھیلایا گیا کہ اندرونِ سندھ میں صرف ایک سیاسی جماعت کا راج ہے، لیکن شہداد کوٹ کے عوام نے ثابت کر دیا اندرونِ سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان ناحق قید ہیں، ان کی اہلیہ کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا، جبکہ ان کی بہنوں کو فسطائی ریاستی جبر کا نشانہ بنایا گیا، پی ٹی آئی کارکنان، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو بھی شدید انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم نے ریاستی اداروں، بالخصوص عدلیہ کو مفلوج کر دیا ہے، عدالتوں نے عمران خان سے ملاقات اور ان کے علاج کے لیے اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین کی موجودگی کی اجازت دی، لیکن مسلط حکمرانوں نے عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، عدالتی فیصلوں کی توہین نے واضح کر دیا ہے کہ مسلط حکمران آئین، قانون اور عدالتوں کو خاطر میں نہیں لاتے، عمران خان کو توڑنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، وہ آج بھی اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم ہیں۔

WhatsApp
Get Alert