سونے کی قیمت میں اچانک بڑی تیزی,مارکیٹ کو ہلا دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک موقع پر 2.9 فیصد تک بڑھ کر 4500 ڈالر فی اونس کی سطح سے تجاوز کر گئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں یہ تیزی تقریباً دو ہفتوں کے دوران ایک روز میں ہونے والی نمایاں ترین پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاروں کی توجہ ایک مرتبہ پھر امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود پالیسی پر مرکوز ہوگئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 3 ستمبر کو بھی اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 2.3 فیصد اضافہ ہوا تھا اور قیمت 4488.54 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ 4539.90 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے تھے۔
فیڈرل ریزرو کا فیصلہ اہم
امریکی فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر کے حالیہ بیانات نے شرح سود میں فوری اضافے کے امکانات کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی توقعات کو متاثر کیا ہے۔ والر نے عندیہ دیا تھا کہ اگر اگست کے مہنگائی کے اعدادوشمار میں قیمتوں کے دباؤ میں مزید کمی سامنے آتی ہے تو وہ شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کی حمایت کرسکتے ہیں۔
اب سرمایہ کاروں کی نظریں امریکا کے آئندہ مہنگائی کے اعدادوشمار پر ہیں، جو فیڈرل ریزرو کے 15 اور 16 ستمبر کے اجلاس میں شرح سود کے فیصلے کے لیے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگست کا امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) 11 ستمبر کو جاری ہونا ہے، جبکہ پروڈیوسر پرائس انڈیکس (PPI) اس سے ایک روز قبل جاری کیا جائے گا۔
سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ برقرار
سونے کو عالمی سطح پر معاشی اور مالیاتی غیر یقینی صورتحال کے دوران ایک اہم محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے۔ شرح سود میں کمی کی توقع، ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی جیسے عوامل سونے کی قیمت پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔
تاہم جمعہ کو امریکا کے توقعات سے بہتر روزگار کے اعدادوشمار کے بعد فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات میں اضافہ ہوا،ؤ جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت میں دباؤ بھی دیکھا گیا۔ رائٹرز کے مطابق جمعہ کو اسپاٹ گولڈ تقریباً 1.2 فیصد کمی کے بعد 4418 ڈالر فی اونس کے قریب آگیا۔
مارکیٹ میں اب اگلے ہفتے جاری ہونے والے امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار کو سونے کی آئندہ سمت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ اگر مہنگائی میں کمی کے شواہد سامنے آئے تو شرح سود میں اضافے کے امکانات کم ہوسکتے ہیں، جس سے سونے کی قیمت کو دوبارہ سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اگر مہنگائی توقعات سے زیادہ رہی تو فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے یا شرح سود بڑھانے کے امکانات سونے کی قیمت پر دباؤ ڈال سکتے ہیں

WhatsApp
Get Alert