یوفون ، ٹیلی نار صارفین کی نئی شناخت کی ہوگی؟ پی ٹی اے کا اہم فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)یوفون اور ٹیلی نار کے انضمام کے بعد مشترکہ موبائل آپریشن کی نئی برانڈنگ جلد متوقع ہے، تاہم باضابطہ لانچ کی تاریخ تاحال حتمی طور پر سامنے نہیں آئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع کے مطابق ریگولیٹر نے تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کی شرط پر نئی برانڈنگ کی مشروط منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کو 15 ستمبر کو نئی برانڈنگ کی تقریب منعقد کیے جانے کے حوالے سے کسی منصوبے کا علم نہیں اور نہ ہی اتھارٹی کو اس تاریخ کی باضابطہ تصدیق موصول ہوئی ہے۔
یوفون اور ٹیلی نار کا انضمام پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) کے تحت مکمل کیا جا چکا ہے، جس کے بعد دونوں کمپنیوں کے اسپیکٹرم وسائل، نیٹ ورک انفرااسٹرکچر اور صارفین کا بیس ایک مشترکہ موبائل آپریشن کا حصہ بن گئے ہیں۔ مشترکہ کاروبار کے صارفین کی تعداد پاکستان بھر میں 7 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔
انضمام کے بعد انتظامیہ کی جانب سے موجودہ یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی شناخت کو عالمی ’’&e‘‘ برانڈ میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کی منظوری کے تحت پی ٹی ایم ایل کو ضروری قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد اور نئی شناخت کے تحت کسی بھی کمرشل یا تشہیری مہم کے آغاز سے قبل ریگولیٹر کو آگاہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ مجوزہ ری برانڈنگ اس سے قبل منظوری کے عمل سے متعلق قانونی اور کارپوریٹ گورننس کے سوالات کے باعث تاخیر کا شکار ہو چکی ہے۔
اگرچہ’’&e‘‘ کو تاحال مشترکہ موبائل آپریشن کے لیے مجوزہ برانڈ شناخت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پی ٹی ایم ایل نے ابھی تک حتمی برانڈ نام، باضابطہ لانچ کی تاریخ یا یوفون اور ٹیلی نار کے صارفین کو نئی شناخت پر منتقل کرنے کے طریقہ کار کا عوامی طور پر اعلان نہیں کیا۔
