کوئٹہ میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)شہر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کا اضافہ ہونے کے بعد قیمت 2 ہزار 850 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 920 روپے تک پہنچ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ فلور ملز مالکان نے گندم کی دستیابی میں مشکلات کو قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔
فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی دستیابی متاثر ہونے کے ساتھ اس کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب آٹے کی قیمت میں اضافے پر صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور آٹے کی قیمت میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
