ناجائز نظام کی پیداوار جعلی وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے حوالے سے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سی ایم مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ناجائز نظام کی پیداوار جعلی وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے حوالے سے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے فارم 47 کی پنجاب وزیراعلی کے متنازغہ بیان کے حوالے سے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ناجائز نظام کی پیداوار، فارم 47 کی جعلی وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ساتھ لگنے والے پاکستان کے تینوں دیگر صوبوں کو دہشت گردی کی بنیاد قرار دے دیا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی ہے۔
اس کے بیان نے ریاستِ پاکستان کے عالمی سطح پر دہشت گردی کے حوالے سے مؤقف کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، اور اس نظام کو بنانے اور چلانے والوں کی سوچ پر بھی مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران بھی نواز شریف سمیت یہ ٹولہ غائب رہا تھا اور جنگ کے خاتمے تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ڈان لیکس کے ذریعے بھی دہشت گردی کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا تھا۔
یہ ہمیشہ قومی مفاد کے آگے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستانی ادارے صرف ان کے لیے تب تک قابلِ احترام رہتے ہیں جب تک وہ ان کے ذاتی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ چھوٹے صوبوں کے خلاف متعصبانہ لہجہ مسلم لیگ ن کی پاکستان کو تقسیم کرنے والی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، لیکن اب تین وفاقی اکائیوں کو دہشت گردی کی بنیاد قرار دینا ملک کی بنیادوں کو مزید کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
ان لوگوں کو 8 فروری 2024 کو نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب اور لاہور کی عوام بھی مسترد کر چکے ہیں۔ اس شرمناک شکست کے باوجود ایسی گھٹیا سوچ رکھنے والے لوگوں کو اقتدار پر بٹھانے اور انگلی پکڑ کر چلانے والوں کے لیے یہ ایک اور سبق ہے کہ عوام کے ووٹ اور عوام کے فیصلے کی قدر نہ کرنے سے ملک مضبوط نہیں، بلکہ تباہ ہوتے ہیں۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیفٹک آفس میں اے آئی انٹیلی جنس ہب کی ای لانچنگ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہےکہ مجھے تھریٹ پڑوسی ملک سے کم لیکن میرے پڑوسی صوبے سے زیادہ ہے، وہاں سے پنجاب دہشتگردی آتی ہے، ٹرائی بارڈر ایریا سے تھریٹ آتے ہیں، خود کو رسک میں ڈال کر عوام کی حفاظت کیلئے فیصلے کیے، ٹیکنالوجی پر اربوں روپے خرچ کیے۔
پہلے چیک پوسٹوں پر حملوں میں درجنوں شہید ہوجاتے تھے، دہشت گردوں کے پاس پولیس سے بہتر اسلحہ اور نائٹ ویژن کیمرے تھے۔ اب جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط ترین بنایاہے، بلٹ پروف تھرمل اور نائٹ ویژن کیمرے نصب کیے ہیں۔ اب چیک پوسٹوں پر حملہ ہوبھی جائے تو جانی نقصان نہیں ہوتا۔ کچے کا علاقہ دہشتگردوں اور کرائم کا ہب بن چکا تھا، اب رٹ آف سٹیٹ قائم ہونے سے کرائم فری ایریا ہے۔
