پڑوسی ملک کو دہشتگردی سے بری قرار دینا صرف مریم نواز کا کارنامہ ہے، حامد میر کا ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک کو دہشت گردی کے الزامات سے بری الذمہ قرار دینے کا انوکھا کارنامہ صرف پنجاب کی وزیراعلیٰ ہی سر انجام دے سکتی ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں سینئر صحافی حامد میر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو آڑے ہاتھوں لیا اور ملک میں جاری سیاسی و انتظامی ناہمواری پر گہری تشویش ظاہر کی، انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کو دہشت گردی کے الزام سے بری قرار دینے کا کارنامہ بھی صرف پنجاب کی وزیراعلیٰ ہی سر انجام دے سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہی بات یا ایسا ہی بیان سندھ، بلوچستان یا خیبر پختونخواہ کا کوئی وزیراعلیٰ دے دیتا تو ریاست اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے اس کی زندگی عذاب بنا دی جاتی اور ان پر طرح طرح کے الزامات عائد کر دیئے جاتے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہن اتھا کہ افسوس کی بات ہےکہ مجھے تھریٹ پڑوسی ملک سے کم لیکن میرے پڑوسی صوبے سے زیادہ ہے، وہاں سے پنجاب دہشت گردی آتی ہے، ٹرائی بارڈر ایریا سے تھریٹ آتے ہیں، خود کو رسک میں ڈال کرعوام کی حفاظت کیلئے فیصلے کیے، ٹیکنالوجی پر اربوں روپے خرچ کیے، سکیورٹی میں مشکلات اور چیلنجز کے باوجود قابل فخر کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔
