مادرِ وطن کا دفاع مقدس امانت، ثابت قدمی سے نبھاتے رہیں گے: ایئر چیف مارشل

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاک فضائیہ نے ملک بھر کے تمام فضائی اڈوں پر 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا، جس کا مقصد مادرِ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ شہدا کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہدا، معرکۂ حق کے بہادر شہدا اور قیامِ پاکستان سے اب تک دفاعِ وطن کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کیلئے خصوصی دعائے مغفرت اور قرآن خوانی سے ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یومِ شہدا کی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔
اس موقع پر ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں پاک فضائیہ کی شاندار روایت، جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی شجاعت محض تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ موجودہ نسل کیلئے ایک زندہ ورثہ ہے۔
چیف آف دی ایئر سٹاف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شہداء جرأت، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں، ان کی میراث ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ مادرِ وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ہم ثابت قدمی اور بھرپور عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
