پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے معاہدہ ہوگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے پاکستان اور جاپان کےدرمیان گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے جاپان 2 ارب 58 کروڑ جاپانی ین گرانٹ فراہم کرے گا۔

وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے جاپانی گرانٹ کی مالیت تقریبا ایک کروڑ 64 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ گرانٹ معاہدے پر اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔

منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند بہتر اور مضبوط بنایا جائےگا۔

ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔

تقریب میں سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیرکریم نے کہا جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابل قدر ترقیاتی شراکت دار ہے، جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert