’پاکستانی اسٹیبلشمنٹ آئندہ آنے والے چند مہینوں کے اندر مزید طاقتور ہوگی‘

ان کا فٹ پرنٹ بھی ہر جگہ بڑھے گا، تھوڑے کو بہت جانیئے اور عقلمندوں کیلئے اشارہ بہت ہوتا ہے؛ اینکر منیب فاروق کا وی لاگ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکرپرسن اور تجزیہ کار منیب فاروق نے ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ مزید مستحکم اور مضبوط ہوگی، 9 مئی اور جی ایچ کیو حملے میں ملوث کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ منیب فاروق کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے مستقبل کے حوالے سے پالیسی بالکل واضح اور یکسو ہے، پاکستانی اسٹیبلشمنٹ آئندہ آنے والے چند مہینوں کے اندر مزید طاقتور ہوگی، مزید مستحکم ہوگی اور ان کا فٹ پرنٹ بھی ہر جگہ بڑھے گا، تھوڑے کو بہت جانیے اور عقلمندوں کے لیے اشارہ ہی بہت ہوتا ہے۔


اپنے وی لاگ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ حماد اظہر کی حراست اس بات کی گواہی ہے کہ 9 مئی کیسز پر ریاست کی پالیسی میں رتی برابر بھی تبدیلی نہیں آئی، 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں شامل کسی بلوائی کو نہیں چھوڑا جائے گا، ان معاملات پر مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں اور تمام ملوث عناصر کو پھٹے چڑھایا جائے گا۔
نئے انتظامی صوبوں کے قیام اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار پر بات کرتے ہوئے منیب فاروق نے بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے واضح اشارہ ہے کہ نئے صوبوں کے لیے جلد ہی ملک گیر ریفرنڈم کرایا جائے گا، پیپلز پارٹی کو نہروں والے معاملے سے کانفیڈنس ملا ہوا ہے لیکن صوبوں کا مسئلہ اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے، پیپلز پارٹی اگر یہ سمجھتی ہے کہ وہ اس کا مقابلہ کرے گی تو انہیں اس غلط فہمی کا نقصان اٹھانا پڑے گا، پیپلز پارٹی کو صاف پیغام دیا گیا ہے کہ نئے صوبوں کا فیصلہ کسی صوبائی حکومت یا پی پی سربراہ کا نہیں بلکہ عوام کا ہوگا، اور یہ اب ایک ناقابلِ سمجھوتہ معاملہ بن چکا ہے۔
منیب فاروق نے آئینی ترمیم اور ریفرنڈم کے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت آنے والے کچھ عرصے میں دوبارہ مرکزِ نگاہ بن سکتی ہے، ریفرنڈم کا ایک سوال براہِ راست آئینی آرٹیکلز کی چھٹی نہیں کروا سکتا، اسی لیے آئینی عدالت کا راستہ اپنایا جائے گا، اگر ریفرنڈم میں ملک کے 70 فیصد عوام چھوٹے صوبوں کے حق میں رائے دیتے ہیں تو اس عوامی فیصلے کی قانونی اور آئینی تشریح کے لیے معاملہ آئینی عدالت کے پاس لے جایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert