’مریم نواز دراصل پاکستان کی وزیرِاعظم بننے کی تیاری میں ہیں‘

مریم نواز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) معروف صحافی اور کالم نگار حامد میر نے اپنے تازہ ترین کالم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز دراصل پاکستان کی وزیراعظم بننے کی تیاری کر رہی ہیں مگر ان کے بیانات سے بھارتی موقف کو تقویت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام میں تشویش پھیلی ہے۔
حامد میر کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تیور ظاہر کرتے ہیں کہ ان کا ہدف محض ایک صوبے کی وزارت اعلیٰ نہیں بلکہ وہ مستقبل قریب میں ملک کی وزارتِ عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کی آئینی و سیاسی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان کی یہ سیاسی خواہش اور مستقبل کا ہدف اکثر ان کی تقریروں، پریس کانفرنسوں اور عوامی بیانات میں صاف دکھائی دیتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز دراصل پاکستان کی وزیرِ اعظم بننے کی تیاری میں ہیں۔ مریم نواز نے فرمایا ہے کہ اُنہیں اپنے پڑوسی ملک سے نہیں بلکہ اپنے پڑوسی صوبوں سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے۔ یہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی سازشوں کی تردید ہے https://t.co/Cg94gK6oTY
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) September 7, 2026
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دہشت گردی سے متعلق حالیہ بیان کی سنگینی کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز کے بیان نے ایک طرف جہاں پورے بھارت کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے، وہاں دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور حریت پسندوں کو شدید پریشانی اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، مریم نواز نے اپنے بیان میں واضح طور پر فرمایا کہ انہیں اپنے پڑوسی ملک بھارت سے نہیں بلکہ اپنے پڑوسی صوبوں خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے دہشت گردی اور امن و امان کے خطرے کا سامنا ہے۔
حامد میر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کا یہ بیان ہمارے ان تمام صاحبانِ اختیار، عسکری و سیاسی قیادت کے ان مسلسل دعوؤں اور ثبوتوں کی براہِ راست تردید کرتا ہے جن کا مؤقف یہ رہا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں جاری دہشت گردی اور حالات خراب کرنے کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ اور مالی معاونت ہے۔
