کوئٹہ میں گاڑی چوری کی بڑھتی وارداتوں پر ڈی آئی جی پولیس کا سخت نوٹس، افسران کو گھیرا تنگ کرنے کا حکم
منظم چور گروہوں کے خلاف مربوط کارروائیاں تیز اور چوری شدہ گاڑیاں فوری برآمد کی جائیں: عمران شوکت

جرائم کے خاتمے کے لیے جدید تکنیکی اور تفتیشی ذرائع کا استعمال یقینی بنایا جائے: اہم اجلاس میں ہدایات
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے شہر میں گاڑی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اہم اجلاس طلب کیا، جس میں ایس ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ، ایس ایس پیز اور کوئٹہ کے چاروں ڈویژن کے ایس پیز نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں گاڑی چوری کے واقعات، ان کی روک تھام، چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی اور وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے متعلقہ افسران کو گاڑی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور مثر کارروائیاں مزید تیز کرنے، چوری شدہ گاڑیوں کی فوری برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ گاڑی چوری کے مقدمات کی تفتیش میں جدید تکنیکی اور تفتیشی ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جائے جبکہ منظم چور گروہوں کے خلاف مربوط اور مثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور گاڑی چوری سمیت جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
