مریم نواز کے جہاز سے متعلق عظمیٰ بخاری کے بیان پر یقین کرنا چاہیے، عمار مسعود

لاہور (قدرت روزنامہ) مریم نواز کے دورہ لندن کے سفری اخراجات اور طیارے کے استعمال پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اس حوالے سے مریم نواز کے اخراجات خود ادا کرنے کا مؤقف پیش کر چکی ہیں۔ جس پر کچھ حلقوں کی جانب سے اس دورے کی رسیدیں دکھانے کا مطالبہ بھی کیا گیا، ایسے میں صحافی عمار مسعود عظمیٰ بخاری کے موٴقف کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی عمار مسعود کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا ہے کہ مریم نواز کے لندن کے دورے کے تمام اخراجات انہوں نے خود ادا کیے۔
ان کے مطابق چونکہ عظمیٰ بخاری وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجمان ہیں، اس لیے ان کے بیان پر ہمیں یقین کرنا چاہئے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دورہ لندن پر شدید تنقید کرتے ہوئے سرکاری طیارے کے استعمال اور عوامی فنڈز کے مبینہ ضیاع پر سنگین سوالات اٹھا دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے ذاتی اور خاندانی مصروفیت کے لیے چھٹی پر لندن گئی ہیں تو پھر وہ حکومت کا سرکاری جہاز کس قانون اور اخلاقی بنیاد پر استعمال کر رہی ہیں؟ اس وقت پاکستان کے عوام سخت معاشی مشکلات، تاریخی مہنگائی، اور شدید غربت سے نبرد آزما ہیں، جب کہ دوسری طرف ان کے ٹیکسوں کے پیسوں سے حکمرانوں کی ذاتی تعطیلات اور پرائیویٹ جیٹ کے بھاری اخراجات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی حیران کن بات ہے کہ اتنا بڑا اور سنجیدہ معاملہ ملکی میڈیا پر مرکزی خبر نہیں بن پا رہا اور اس شاہ خرچی پر اپوزیشن یا عوام کی جانب سے وہ سوالات نہیں اٹھائے جا رہے جو اٹھائے جانے چاہئیں، کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مبینہ طور پر مکمل طور پر نجی اور شخصی دورے کے لیے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا ہے، جو کہ حکمرانوں کے تکبر اور عوام سے بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔
