مصطفیٰ کمال جس دن مناظرہ کرنا چاہتے ہیں میں حاضر ہوں: مرتضیٰ وہاب

کراچی(قدرت روزنامہ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال مناظرہ کرنا چاہتے ہیں تو میں حاضر ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمرے میں پریس کانفرنس کرتے اور ہفتے میں ایک بار کراچی آتے ہیں، انہوں نے کہا میدان میں آ جائیں لیکن میں تو فیلڈ میں ہی ہوتا ہوں، ان کو کہنا چاہوں گا کہ غرور اور تکبر اچھی چیز نہیں ہے، ان میں انا ہے اور ان کی سوچ ہے کہ میں ٹھیک ہوں تم غلط ہو۔
میئر کراچی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ 300 ارب روپے خرچ کیے، بجٹ دستاویز دکھا دیں، وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں کیونکہ وزیر صحت ہیں، مجھے کاغذ دکھائیں زبانی بات نہیں چاہیے کہ آپ بہترین میئر رہے، ان کو پتا ہونا چاہیے کہ وسیم اختر اور مرتضیٰ وہاب میں فرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا آئی ٹی سینٹر کو بھی فعال کر دیا گیا، یہ پارک آج فعال ہے بچے جھولے جھول رہے ہیں، آئی ٹی سینٹر میں تمام کورسز مفت میں پڑھائے جائیں گے، چاہتے ہیں ہمارے بچے ہنر حاصل کر کے ملک اور اپنے والدین کی خدمت کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی کے ترقیاتی کام جاری رہیں گے، کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلیے کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، شہر میں 15 ستمبر کے بعد 147 سڑکوں پر بھی کام شروع ہو جائے گا جس کیلیے ٹینڈر شروع ہو چکے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے ہر ضلع اور ٹاؤن میں کام ہوتا دیکھیں گے، عوام کے درمیان رہ کر اختیارات کو دیانت کے ساتھ استعمال کریں گے، کراچی کیلیے وہ کام کر کے جائیں گے جس سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہو۔
