سہیل آفریدی کا علی امین گنڈا پور کو بڑا سیاسی جھٹکا

پشاور)(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر شدت اختیار کر گئے، صوبائی حکومت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی منصوبوں کا بجٹ صفر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں، علی امین گنڈاپور کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا فون نمبر بلاک کیے جانے کا بھی دعویٰ سامنے آیا ہے۔

قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی آخری ریلیز جس کی مجموعی مالیت 43 ارب روپے تھی،اس میں ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے صرف 8 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

فیصل امین گنڈاپور کے مطابق ڈی آئی خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہو چکا ہے، تاہم اس رقم کے واجبات ابھی باقی ہیں، مالی سال 2026-27 کیلئے ان منصوبوں کو صفر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اے ایس ڈی آئی کے تحت ڈی آئی خان کے منصوبے کیلئے بھی رواں مالی سال کوئی رقم مختص نہیں کی گئی اور بجٹ میں اس منصوبے کی تخصیص صفر رکھی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کے اس اقدام نے پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert