کوئٹہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن تیز، بغیر این او سی تعمیر ہونے والی 11 عمارتیں سیل، 7 افراد گرفتار

بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی اور نو کنسٹرکشن زون میں تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی: میٹروپولیٹن کارپوریشن


محفوظ اور قانونی تعمیرات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، خلاف ورزی پر مسماری اور بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے بلڈنگ کنٹرول قوانین کے مثر نفاذ، محفوظ اور قانونی تعمیرات کو یقینی بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے وژن کے تحت کوئٹہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متعلقہ شعبوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تفصیلات کے مطابق چیف آرکیٹیکٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اشفاق بادینی اور میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (بلڈنگز)نوید بلوچ کی سربراہی میں نیو سبزل روڈ(سی پیک روڈ)اور اے ون سٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی منظوری اور این او سی کے بغیر تعمیر کی جانے والی یا بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 11 عمارتوں، پلازوں اور دکانوں کو سیل کردیا گیا کارروائی کے دوران حکام نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث 7 افراد کو گرفتار بھی کیا، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کیے گئے بعض حصوں کو موقع پر ہی مسمار کردیا گیا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد شہر میں غیر قانونی اور غیر محفوظ تعمیرات کی حوصلہ شکنی کرنا اور تعمیراتی سرگرمیوں کو مقررہ قوانین اور ضوابط کے دائرے میں لانا ہے کارروائی کے دوران زرغون اور چلتن زون کے مانیٹرنگ سپروائزرز بھی موجود رہے اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ متعلقہ ٹیموں نے مختلف عمارتوں کے تعمیراتی ریکارڈ، نقشوں کی منظوری اور این او سی سمیت دیگر قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق نیو سبزل روڈ (سی پیک روڈ)کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے نو کنسٹرکشن زون قرار دیا جاچکا ہے، جس کے بعد مذکورہ علاقے میں کسی بھی نئی تعمیر کی اجازت نہیں ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ نو کنسٹرکشن زون میں تعمیراتی سرگرمیوں کی اجازت نہ ہونے کے باوجود اگر کوئی شخص یا ادارہ تعمیرات شروع کرتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہریوں، بلڈرز، تعمیراتی کمپنیوں اور دیگر متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی عمارت یا پلازے کی تعمیر شروع کرنے سے قبل تمام ضروری قانونی تقاضے مکمل کریں۔ تعمیراتی نقشے کی منظوری، این او سی اور دیگر متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کے بعد ہی تعمیراتی سرگرمی شروع کی جائے تاکہ بعد میں قانونی کارروائی یا مالی نقصان سے بچا جاسکے حکام نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ اگر انہیں بلڈنگ قوانین، تعمیراتی اجازت ناموں یا نقشے کی منظوری کے حوالے سے کسی قسم کی رہنمائی درکار ہو تو وہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے متعلقہ دفتر سے رجوع کریں۔ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے شہریوں اور بلڈرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے واضح کیا ہے کہ شہر میں قانونی تعمیرات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم منظوری کے بغیر تعمیرات، بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی اور نو کنسٹرکشن زون میں تعمیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاحکام کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کا مقصد صرف تعمیرات کو روکنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ بنانا بھی ہے، کیونکہ منظور شدہ بلڈنگ کوڈز اور تعمیراتی قوانین پر عملدرآمد سے عمارتوں کی مضبوطی، سٹرکچرل سیفٹی اور شہری سہولیات کے معیار کو بہتر بنایا جاسکتا ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عندیہ دیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جائے گی اور جہاں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی ہوگی وہاں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert