زہری اور جھالاوان کے عوام کا امن تباہ نہیں ہونے دیں گے، معمولات زندگی کی بحالی کے لیے بھرپور تعاون جاری رہے گا: نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری

جھالاوان مزید سانحات اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، قبائلی عمائدین خطے کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں


صوبائی مشیر بلدیات کی جھالاوان کے سیاسی اکابرین اور قبائلی عمائدین سے اہم ملاقات، علاقے میں خوشحالی لانے کا عزم
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے زہری سمیت جھالاوان کے قبائلی عمائدین، سیاسی اکابرین اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر مشتمل وفود نے ملاقات کی ملاقات کے دوران جھالاوان، بالخصوص زہری میں قیامِ امن اور روزمرہ زندگی کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ زہری میں پائیدار امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ علاقائی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے قبائلی عمائدین کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان مزید سانحات اور افسوسناک واقعات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکومت قیامِ امن کے لیے قبائلی عمائدین اور شہریوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور علاقے میں امن و استحکام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ زہری میں تعلیم، صحت اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں مقامی عمائدین کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور مقامی عمائدین کے باہمی تعاون سے زہری سمیت پورے جھالاوان میں امن، ترقی اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert