وندر میں کھرکھیرا چیک پوسٹ کے قریب مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر میں خوفناک تصادم، 4 افراد جاں بحق
خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد شدید زخمی، ریسکیو ٹیموں کی فوری کارروائی، زخمی کراچی منتقل

خوفناک حادثے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز بھی جان کی بازی ہار گئے، قومی شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم
وندر (ڈیلی قدرت) کھرکھیرا کسٹم چیک پوسٹ کے قریب ایل پی جی باؤزر اور المحمود مسافر کوچ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 15 کے قریب افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی وندر پولیس، موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے باؤزر ڈرائیور کی شناخت محمد طارق (رہائشی نوشکی) جبکہ کوچ ڈرائیور کی شناخت دولت خان کے نام سے ہوئی ہے۔ خوفناک حادثے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ حکام کے مطابق مزید ہلاکتوں اور زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
