پی ٹی آئی کی سیاست کا محور احتجاج، دھرنے اور مارچ ہیں، عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے کیلئے دیا، احتجاج کیلئے نہیں، طارق فضل چودھری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت نے واضح کر دیا معمولاتِ زندگی میں خلل کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور احتجاج،دھرنے،مارچ اور سڑکوں کی سیاست ہے، عوام نے انہیں حکومت اس لئے دی تھی کہ وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں، صوبے میں تعلیم،صحت،روزگار،امن وامان اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں، عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے اور خدمت کرنے کیلئے دیا،احتجاج کیلئے نہیں، خیبر پختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں صوبے کی کارکردگی کہاں ہے؟، ہسپتال، اسکول، سڑکیں، روزگار اورامن و امان کے مسائل کب حل ہوں گے؟ پی ٹی آئی کو احتجاجی سیاست سےنکل کر خیبرپختونخوا کے عوام کو جواب دینا ہو گا، حکومت سڑکوں پر نہیں،کارکردگی سے چلائی جاتی ہے۔
