انگلینڈ کے خلاف چھکوں کی برسات کرنے والے رضا اللہ وطن پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر رضا اللہ انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے، جہاں ان کے اہلِ خانہ اور مداحوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
رضا اللہ کو ایئرپورٹ پر دیکھتے ہی مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں، جبکہ اہلِ خانہ نے بھی قومی کرکٹر کا شاندار انداز میں استقبال کیا۔
رضا اللہ نے حالیہ ٹیسٹ میچ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے سب کی توجہ حاصل کی۔ برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انہوں نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 63 گیندوں پر 4 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دار 81 رنز کی اننگز کھیلی۔
