خیبر پختونخوا میں طبی عملہ احتجاج اور ہڑتالیں کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کابینہ سمیت لاہور میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں: عظمٰی بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ) ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں طبی عملہ احتجاج اور ہڑتالیں کر رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کابینہ سمیت لاہور میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈی آئی خان میں ینگ ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال جاری ہے، خیبر پختونخوا میں میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کی ہڑتال الگ سے جاری ہے، صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں مریض اور لواحقین دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ گومل یونیورسٹی عملے کا بھی احتجاج جاری ہے، کے پی عملی طور پر 2 دن سے لاوارث ہے، سہیل آفریدی اور ان کی کابینہ نے لاہور کی ترقی دیکھ لی ہے تو جائیں اپنے صوبے کی خبر لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں نااہلی، نالائقی اور کرپشن چیخ چیخ کر بتا رہی ہے کہ صوبہ چوروں کے رحم و کرم پر ہے، صوبے کے وزیر اعلیٰ کو اپنے عوام سے زیادہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی فکر ہے۔
