عالمی پشتون ثقافتی دن پر دنیا بھر کے پشتونوں کو مبارکباد؛ پشتون قوم کی تاریخ وفا، شجاعت اعلیٰ انسانی اقدار اور حب الوطنی سے عبارت ہے: حیات خان اچکزئی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنما حیات خان اچکزئی نے عالمی پشتون ثقافتی دن کے پرمسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں آباد تمام پشتونوں کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت صرف ایک خطے کی پہچان نہیں بلکہ یہ وفا، غیرت، ہمت اور لازوال حوصلے کی ایک شاندار تاریخ کا نام ہے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس غیور پشتون قوم کا حصہ ہوں جس کے آبا و اجداد نے ہمیں ہمیشہ اتحاد، بیداری اور اپنے وطن سے بے لوث وفاداری کا درس دیا ہے۔ ہماری تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہمارے اسلاف نے ہمیں توڑنا نہیں بلکہ ہمیشہ دلوں کو جوڑنا سکھایا ہے۔ پشتونوں کی عظیم روایات اور روایتی ‘جرگہ سسٹم’ برابری، جمہوریت اور انصاف کا وہ نظام ہے جہاں ہر طبقے کی عزت، انسانی اقدار کے تحفظ اور مظلوم کی داد رسی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
پی پی پی رہنما نے ملک سے محبت اور یکجہتی کے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پشتونیت اور پاکستان کی محبت ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتیں۔ ہماری رگوں میں اپنی شاندار ثقافت کے ساتھ ساتھ پاک سرزمین کی محبت بھی خون کی طرح رواں دواں ہے۔ بلوچستان کا غیرت مند پشتون ماضی کی طرح آج بھی اپنے پاک وطن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اپنے وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تا قیامت ہمارا یہ جذبہ، وفا اور شجاعت اسی طرح قائم رہے گی اور ہم پاکستان کی خدمت اور دفاع کا فریضہ پوری ایمانداری سے سرانجام دیتے رہیں گے۔ دہائیوں پہلے ہمارے عظیم آبا و اجداد نے اس پاک سرزمین کے ساتھ وفا اور تحفظ کا جو عہد کیا تھا، آنے والی ہر پشتون نسل اس وعدے کی پاسداری کرے گی اور اس مشعل کو ہمیشہ روشن رکھے گی۔
