اسلام آباد میں احتجاج کا تماشہ ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، رانا ثنااللہ
اگر طاقت کے زور پر دارالحکومت کی طرف پیش قدمی کی گئی تو 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جو سہولتیں دی گئی تھیں، وہ سب ختم کر دی جائیں گی؛ وفاقی مشیر کی وارننگ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے متوقع اسلام آباد مارچ سے نمٹنے کے لیے سخت ترین پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ دارالحکومت میں احتجاجی دھرنوں کے تماشے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے گا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے تماشے کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے یہ واضح پالیسی فیصلہ کرلیا ہے کہ اب کسی بھی شخص یا سیاسی جماعت کو پرتشدد احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل ہونے کی بالکل اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر طاقت کے زور پر دارالحکومت کی طرف پیش قدمی کی گئی تو 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جو قانونی و سیاسی سہولتیں فراہم کی گئی تھیں، وہ تمام کی تمام فوری طور پر ختم کر دی جائیں گی۔
اسی طرح وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ معطل کرنے یا پسپائی کی خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں، اسی لیے بار بار لانگ مارچ اور دھرنوں کی کالز دے کر خود ہی بھاگ جاتے ہیں، اگر ان میں ہمت ہے تو آئیں اور اسلام آباد میں لانگ مارچ کرکے دکھائیں۔
وزیرِ اطلاعات نے خیبر پختونخواہ حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری کرنا پی ٹی آئی کی بنیادی پالیسی کا حصہ بن چکا ہے، کے پی حکومت افغان طالبان اور کالعدم ٹی ٹی پی کی مسلسل سہولت کاری کر رہی ہے، پی ٹی آئی درحقیقت ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور افغان طالبان کی سی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر قانونی مائننگ اور معدنیات کے ذریعے دہشت گردوں کو مالی فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے، اس تمام تر صورتِ حال کے بعد یہ خود کو سیاسی لوگ کہتے ہیں جبکہ ان کا سیاست سے دور دور کا کوئی تعلق نہیں، کے پی کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سیاسی رہنما کم اور کسی کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ نظر آتے ہیں۔
