پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کردی گئی
رینجرز اہلکار چیف کمشنر اور صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ خصوصی سکیورٹی فرائض اور امن و امان کی بحالی کے لیے ذمہ داریاں نبھائیں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ اور سکیورٹی کی انتہائی حساس صورتِ حال کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی میں باضابطہ طور پر توسیع کردی۔
بحوالہ ذرائع میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل رینجرز کی تعیناتی کی مدت 5 اکتوبر 2026ء تک مقرر کی گئی تھی، تاہم اب رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی کے اس دورانیے میں 10 دن کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب رینجرز 15 اکتوبر 2026ء تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی تعیناتی میں اس توسیع کا فیصلہ چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دائر کی جانے والی باضابطہ درخواستوں کی روشنی میں کیا گیا، وفاقی دارالحکومت اور پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے یہ رینجرز اہلکار چیف کمشنر اور صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ خصوصی سکیورٹی فرائض اور امن و امان کی بحالی کے لیے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
