معاہدے کیلئے تیار ہیں لیکن ایران کو جوہری افزودگی کی صلاحیت کم کرنا ہوگی: امریکی نائب صدر

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران سے معاہدے کیلئے تیار ہیں، لیکن ایران کو جوہری پروگرام پر لچک دکھانا ہوگی اور اپنی جوہری افزودگی کی صلاحیت کم کرنا ہوگی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو اپنی جوہری افزودگی کی صلاحیت کم کرنا ہوگی۔یہ واضح نہیں کہ ایران فیصلے کس طرح کرتا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ محض مستقبل میں جوہری سرگرمیوں میں کمی کی یقین دہانی کافی نہیں ہوگی، اگرایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا تو پھر 60 فیصد افزودہ ایندھن کی ضرورت کیوں ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر ایران یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا توانتہائی افزودہ ایندھن تیار نہ کرے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا ایران سے معاہدے کیلئے اب بھی تیار ہے، لیکن ایران کو جوہری پروگرام پر لچک دکھانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو یہ معلوم نہیں کہ تہران میں فیصلے کرنے کا اختیار کس کے پاس ہے، امریکا ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے مذاکرات کر رہا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ ایران کے طاقت کے ڈھانچے میں ان دونوں کے پاس کتنے اختیارات ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد یہ صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ میدان جنگ کی صورتحال پر فیلڈ کمانڈروں سے بات کی ہے، ایران کےخلاف جنگ میں ہتھیاروں کی کمی کا سامنا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران وقتاً فوقتاً تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں نشانہ بنا رہا ہے، ایران ہرمز سے توانائی کی برآمدات روکنے میں بڑی حد تک ناکام ہے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخاب لڑنے کے حوالے سے تاحال فیصلہ نہیں کر سکا۔
